کراچی: رینجرز اور سی ٹی ڈی کی کارروائی، 8 ’دہشت گرد‘ ہلاک

IQNA

کراچی: رینجرز اور سی ٹی ڈی کی کارروائی، 8 ’دہشت گرد‘ ہلاک

15:06 - October 22, 2017
خبر کا کوڈ: 3503702
بین الاقوامی گروپ: رینجزر نے پولیس کے انسدادِ دہشت گردی ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کے ساتھ مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے مقابلے میں انصارالشریعہ کے سربراہ سمیت آٹھ دہشت گرد ہلاک کردیا

ایکنا نیوز- ڈان نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن میں رینجزر نے پولیس کے انسدادِ دہشت گردی ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کے ساتھ مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے مقابلے میں 8 مبینہ دہشت گردوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کردیا۔

رینجرز ترجمان کے مطابق بلدیہ ٹاؤن میں قائم رئیس گوٹھ میں رینجرز اور سی ٹی ڈی نے دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع ملنے پر مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے علاقے کا محاصرہ کیا۔

سیکیورٹی اداروں کی بھاری نفری کی جانب سے علاقے میں سرچ آپریشن کا آغاز کیا گیا تو اسی دوران دہشت گردوں نے اہلکاروں پر مورچہ بند فائرنگ شروع کردی جس کے نتیجے میں دو رینجرز اہلکار اور ایک سی ٹی ڈی اہلکار زخمی ہوگیا۔

رینجرز نے علاقے میں مزید نفر​ی طلب کرتے ہوئے جوابی کارروائی کا آغاز کیا اور فائرنگ کے تبادلے میں 5 دہشت گردوں کو موقع پر ہلاک کردیا جبکہ 3 دہشت گردوں کو زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔

مذکورہ دہشت گردوں کے ٹھکانوں سے جدید اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا، جبکہ ان ہلاک دہشت گردوں کی شناخت فوری طور پر سامنے نہیں آسکیں۔

بعد ازاں ترجمان رینجرز نے ایک جاری بیان میں کہا کہ رینجرز نے مذکورہ آپریشن رئیس گوٹھ کے علاقے میں انصار الشریعہ سے تعلق رکھنے والے مبینہ دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاعات کیا تھا۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ آپریشن کے دوران ہلاک ہونے والے مبینہ دہشت گردوں کی شناخت کا عمل جاری ہے جبکہ 2 مبینہ دہشت گردوں کی شناخت شہریار عرف ڈاکٹر عبداللہ ہاشمی کے ناموں سے ہوئی۔

رینجرز ترجمان کے مطابق شہر یار الدین عرف ڈاکٹر عبداللہ ہاشمی انصار الشریعہ کے امیر اور تمام دہشت گردی کے حملوں کا ماسٹر مائنڈ تھے جبکہ ارسلان بیگ انصار الشریعہ کی ٹارگٹ کلنگ ٹیم کا حصہ تھا۔

نظرات بینندگان
captcha