وزیراعظم کا اسلاموفوبیا کےخلاف کینیڈین وزیراعظم کے بیان کا خیرمقدم

IQNA

وزیراعظم کا اسلاموفوبیا کےخلاف کینیڈین وزیراعظم کے بیان کا خیرمقدم

14:40 - January 30, 2022
خبر کا کوڈ: 3511215
وزیر اعظم عمران خان نے کینیڈین ہم منصب جسٹن ٹروڈو کی جانب سے اسلامو فوبیا سے نمٹنے کے لیے نمائندہ خصوصی مقرر کرنے کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر وزیر اعظم عمران خان نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ 'میں وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کی جانب سے اسلامو فوبیا کی صریح مذمت اور دورِحاضر کی اس لعنت کے تدارک کے لیے نمائندۂ خصوصی مقرر کرنے کے فیصلے کا خیر مقدم کرتاہوں'۔

انہوں نے کہا کہ جسٹن ٹروڈو کا یہ بروقت اقدام (اسلاموفوبیا سے متعلق) اس مطالبے کی تائید ہے جو میں ایک عرصے سے دہراتا رہا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ آئیے سب مل کر اس آفت کے خاتمے کے لیے جدوجہد کریں۔

واضح رہے کہ ایک روز قبل کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو کی جانب سے اسلامو فوبیا سے نمٹنے کے لیے نمائندہ خصوصی مقرر کرنے کا ارادہ ظاہر کیا گیا تھا۔

انہوں نےاپنے ٹوئٹ میں کہا تھا کہ اسلامو فوبیا ناقابل قبول ہے، ہمیں اس نفرت کو روکنا ہاور کینیڈین مسلمانوں کو ایک محفوظ ماحول فراہم کرنا ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ 'اسلاموفوبیا کی روک تھام کے لیے ان اقدامات میں مدد کے لیے ہم ایک نمائندہ خصوصی مقرر کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں'۔

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے بھی اپنی ٹوئٹ میں کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو کے اقدام کی تعریف کی۔

انہوں نے کہا کہ اسلامو فوبیا کے حوالے سے وزیراعظم عمران خان کی کاوشیں رنگ لا رہی ہیں، وزیراعظم عمران خان کی عالمی فورمز پر اسلامو فوبیا کے خلاف آواز اٹھانے کے اثرات آنا شروع ہوگئے ہیں۔

اس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے روسی صدر ولادمیر پیوٹن کو اسلامو فوبیا سے متعلق بیان دینے پر ٹیلی فونک رابطہ کر کے سراہا تھا۔

روسی صدر نے کہا تھا کہ حضور کریمﷺ کی شان میں گستاخی آزادی اظہار رائے نہیں بلکہ مذہبی آزادی کی خلاف ورزی ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے روسی صدر کی جانب سے توہین رسالت کے خلاف بیان کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعاون کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا تھا۔

نظرات بینندگان
captcha