غزہ میں ہسپتال کے بعد چرچ پر حملہ، ’بڑی تعداد میں‘ فلسطینی جاں بحق

IQNA

غزہ میں ہسپتال کے بعد چرچ پر حملہ، ’بڑی تعداد میں‘ فلسطینی جاں بحق

9:32 - October 20, 2023
خبر کا کوڈ: 3515142
ایکنا فلسطین: غزہ کی پٹی میں واقع ایک چرچ کے احاطے میں پناہ لینے والے متعدد بے گھر افراد اسرائیلی حملے کے نتیجے میں جاں بحق اور زخمی ہو گئے.

ایکنا انٹرنیشنل ڈیسک کے مطابق اسرائیلی طیاروں نے الزیتون علاقے میں آرتھوڈوکس چرچ کو بھی میزائلوں سے نشانہ بنایا جہاں سیکڑوں افراد پناہ لیے ہوئے ہیں، یہ گرجاگھر اسی اسپتال کے ساتھ واقع ہے جہاں اسرائیلی فوج نے 500 فلسطینیوں کو شہید کیا تھا۔

رپورٹس کے مطابق فلسطینی وزارت داخلہ نے اپنے بیان میں کہا کہ اسرائیلی حملے میں یونانی آرتھوڈوکس سینٹ پورفیریئس چرچ کے احاطے میں بڑی تعداد میں شہری شہید اور زخمی ہوئے۔

عینی شاہدین نے اے ایف پی کو بتایا کہ بظاہر اس حملے کا مقصد اس عبادت گاہ جس میں غزہ کے بہت سے باسیوں نے فلسطینی علاقوں میں جنگ کے دوران پناہ لی تھی، کے قریب ہدف کو نشانہ بنانا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ حملے کے نتیجے میں چرچ کے اگلے حصے کو نقصان پہنچا اور اس سے ملحقہ ایک عمارت گر گئی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ حملوں کے متعدد زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

دوسری جانب حملے سے متعلق رد عمل جاننے کے لیے رابطہ کرنے پر اسرائیلی فوج نے اے ایف پی کو بتایا کہ وہ مبینہ حملے کی جانچ پڑتال کر رہی ہے۔

واضح رہے کہ اس وقت غزہ میں اسرائیلی بمباری سے تباہی پھیلی ہوئی ہے، جہاں 3 ہزار سے زائد شہری جاں بحق اور ہزاروں زخمی ہو چکے ہیں، لیکن غزہ کہاں ہے، وہاں کب، کیا ہوا، اس پر نظر ڈالنا ضروری ہے۔

غزہ ایک ساحلی پٹی ہے، جو بحیرہ روم کے ساحل کے ساتھ قدیم تجارتی اور سمندری راستوں پر واقع ہے جو کہ 1917 تک سلطنت عثمانیہ کے زیر کنٹرول رہا اور گزشتہ صدی میں برطانیہ سے مصری فوجی حکمرانی میں منتقل ہوا اور اب یہ ایک زیر قبضہ علاقہ ہے جہاں 20 لاکھ سے زیادہ فلسطینی آباد ہیں۔

7 اکتوبر کو حماس نے اسرائیل پر اچانک حملہ کیا اور قصبوں کو گھیرے میں لے لیا جس کی وجہ سے سیکڑوں افراد ہلاک ہوگئے اور متعدد کو قید کرکے غزہ لے جایا گیا تھا۔

جس کے بعد اسرائیل نے جوابی کارروائی میں غزہ کو فضائی کارروائی سے شدید نقصان پہنچایا اور 75 برس کے تنازع میں بدترین خونریزی کی تاریخ رقم ہورہی ہے۔/

ٹیگس: ہسپتال ، چرچ ، غزہ ، حملہ ، تباہ
نظرات بینندگان
captcha